پی ایس ایل سیزن 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے 9 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، پشاور زلمی کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے 206 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوور میں 190 رنز ہی بنا سکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے 206 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اننگز کا انتہائی جارحانہ آغاز کیا اس کے دونوں اوپنر بلے بازوں بابر اعظم اور صائم ایوب نے انتہائی عمدہ اننگز کھیلی تاہم پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 91 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 42 رنز بنا کر روسواؤ کی تھرو پر سرفراز احمد کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حارث محض 7 رنز بنا کر حسین کی گیند پر رائے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تیسری اور اہم وکٹ 147 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 4 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بابر اعظم کے بعد پشاور زلمی کا کوئی بھی بیٹر کریز پر جم کر نہ کھیل سکا، ٹام کوہلر-کیڈمورنے 18 ، روومین پاول نے 17، ڈین موزلے نے 11 ، آصف علی نے 2 اور عامر جمال نے 7 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ ابرار احمد نے کی انہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عامر، عقیل حسین اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 9 کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کو ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو 207 رنز کا ہدف  دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت  تو دی لیکن گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کا  مظاہرہ کیا گیا۔ اوپنر جیسن رائے نے 48 گیندوں پر 75، سعود شکیل نے 47 گیندوں پر 74 رنز بنائے، ریلے روسو 14، ردرفورڈ 20، خواجہ نافے 6 اور محمد وسیم 4 رنز بنا سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3، لیوک ووڈ نے ایک اور محمد ذیشان نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے اتوار کو سپر سنڈے کے 2 میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

باہمی مقابلوں میں اب تک زلمی کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا تھا کیوں کہ دونوں ٹیمیں اب تک 22 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس  میں 12 بار زلمی نے میدان مارا تو گلیڈیئٹرز 9 بار فاتح رہے۔

اسی طرح کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان اب تک 13 میچز ہو چکے ہیں جس میں کراچی نے 6 جبکہ ملتان نے 5 میچوں میں فتح حاصل کی۔

اس میچ میں کراچی کنگز کی کپتانی شان مسعود کریں گے جبکہ محمد رضوان ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp