خیبرپختونخوا: بارشوں کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق

پیر 19 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، حالیہ بارشوں سے 4 گھروں کو جزوی جبکہ 2 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان نے کہا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو  کھولنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے 15 اور 17  فروری کو مراسلے جاری کیے تھے۔

شدید برفباری: لواری ٹنل ٹریفک کے لیے بند

دوسری جانب، دیر میں برفباری کے باعث لواری ٹنل کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ برفباری کے باعث 20 سے زائد مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں، گاڑیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں۔ برف باری کی وجہ سے سڑک مکمل طور پر بند ہے اور مسافروں کو ابھی تک محفوظ مقام تک نہیں لے جایا جاسکا ہے۔

پاک فوج کا راستے کھولنے کے لیے آپریشن

اپر دیر اور گردونواح میں شدید برفباری کے بعد پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لواری ٹنل اور بند سڑکوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ شدید برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں اور لواری ٹنل کی طرف جانے والی مین سڑک بند ہو گئی تھی، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج  نے فوری اقدامات کے تحت ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج نے پھنسے ہوئے 148 مسافروں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔ بھاری مشینری کی تعیناتی سے تمام سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔  پاک فوج کی جانب سے لواری ٹنل پر بڑی تعداد میں پھنسے ہوئے مسافروں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ شدید برفباری کی وجہ سے انتظامیہ نے چترال کی جانب ٹریفک کو روک دیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی جانب سے مسافروں کو خوراک اور کمبل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp