سپریم کورٹ آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف درخواست پر آج کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
حکمانے کے مطابق درخواست گزار کو ایک اور موقع فراہم کیا جاتا ہے، سپریم کورٹ ایسی ساز باز دوبارہ نہ ہونے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔
مزید پڑھیں
عدالت نے کہاکہ عام حالات میں کوئی شخص درخواست واپس لے سکتا ہے لیکن اگر کوئی شخص شہرت حاصل کرنے کے لیے ایسا کرے اور اپنے مقصد میں کامیاب ہونے کے بعد درخواست واپس لینا چاہے تو یہ عدالتی طریقہ کار کا غلط استعمال ہے۔
حکمانے کے مطابق عدالت یقینی بنائے گی کہ اس طرح سے عدالتی نظام کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔ کارروائی سے قبل درخواست گزار کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو معمول کے طریقہ کار کے مطابق نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایس ایچ او کے ذریعے بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ درخواست گزار نے چونکہ خود کو سابق بریگیڈیئر ظاہر کیا ہے اس لیے نوٹس بذریعہ وزارت دفاع بھی جاری کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی مگر درخواست گزار عدالت میں نہ ہوئے۔
عدالت نے درخواست گزار کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔