پی ٹی آئی نے لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا

اتوار 12 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصافنے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر نے کل ساڑھے 10 بجے کمیشن کا اہم  اجلاس طلب کرلیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر لاہور میں دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو  ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے۔ پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنےکی کوشش کررہی ہے۔

’تحریک انصاف کی ریلی اور  پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے۔ تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے 5 بجے ختم ہوگی جب کہ پی ایس ایل کا میچ 7 بجے شروع ہوگا۔‘

درخواست میں مزیدکہا گیا ہےکہ اس سے پہلےکسی شہر میں پی ایس ایل میچ کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔

’الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔ پنجاب حکومت غیر قانونی طور  پر  تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو  روک رہی ہے۔‘

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کے نفاذ اور الیکشن ریلیوں پر پابندی کے حوالے سے بابر اعوان اور یاسمین راشد کی درخواستوں پر چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کا اہم  اجلاس کل ساڑھے 10 بجے صبح طلب کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp