پوپ میوزک کی ملکہ کے نام سے جانے والی معروف گلوکارہ میڈونا امریکی شہر سیٹل کے کلائمٹ پلیج ایرینا میں اپنی ایک حالیہ پرفارمنس کے موقع پر کرسی سے گرگئیں۔ اچانک رونما ہوئے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں
مذکورہ ویڈیو کلپ میں میڈونا کو گانے ’اوپن یور ہارٹ‘ کے دوران کرسی سے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے لیکن جس طرح انہوں نے خود کو فوری طور پر سنبھال کر اپنی پرفارمنس جاری رکھی اس نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا۔
پوپ سنگنگ کی 65 سالہ ملکہ کرسی پر بیٹھی ہوئی تھیں جب ایک رقاصہ نے انہیں سٹیج پر لے جانے کی کوشش کی اور پھر بدقسمتی سے رقاصہ نے اپنا توازن کھودیا جس کے تیجے میں وہ دونوں پیچھے کی طرف گر گئیں۔
اس حادثے کے باوجود میڈونا نے اپنے حواس قابو میں رکھے اور گرجانے کے باوجود تیزی سے اٹھ کر ہنس پڑیں۔ بہت سے تماشائیوں نے میڈونا کے اس پرسکون انداز کو انہیں خوب سراہا۔
مذکورہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ میڈونا اپنی کرسی سے خود سے نہیں گریں بلکہ وہ ڈانسر کے کرسی کھینچنے کی وجہ سے لڑکھڑا کر گریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھر وہ بغیر کسی مدد کے کھڑی ہو گئیں۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ جس طرح انہوں نے گرنے کے بعد خود کو سنبھالا اور گانا جاری رکھا وہ قابل تعریف ہے۔
مختلف کنسرٹس کے حوالے سے میڈونا کا دورہ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوا تھا جو اس اپریل تک جاری رہے گا۔
میڈونا نے اپنے پورے کیریئر میں کل 12 دورے کیے ہیں۔ ورجن ٹور ان کا پہلا کنسرٹ ٹور تھا۔ اس دورے سے ان کے پہلے 2 اسٹوڈیو البمز میڈونا (1983) اور لائک اے ورجن (1984) کی خاصی تشہیر ہوئی تھی۔