لاہور ، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی ریلی داتادربار کی جانب رواں دواں

اتوار 12 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی ریلی داتا دربار کی جانب رواں دواں ہے جو زمان پارک سے شروع ہوئی اور وہیں واپسی آکر اختتام پذیر ہوگی۔

سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج پی ٹی آئی الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

ریلی کا روٹ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا زمان پارک سے ریلی گڑھی شاہو جائے گی پھر ریلوے اسٹیشن اس کے بعد ریلی سرکلر روڈ کی جانب مڑ جائے گی جہاں سے ریلی شاہ عالم چوک کا رخ کرے گی اور پھر ریلی لاہوری گیٹ جائے گی اور پھر وہاں سے اردو بازار اور بھاٹی گیٹ سے ہوتے ہوئے ریلی داتا دربار پہنچے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریلی انہی راستوں سے ہوتی ہوئے واپس زمان پارک پہنچے گی جہاں عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان آج اپنے خطاب میں قوم کو نہایت اہم پیغام دیں گے اور ورکرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ خان صاحب کو بحفاظت واپس زمان پارک پہنچائیں۔

سینئر نائب صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ ہمارے رستوں میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی اور نہ ہی ورکرز کو ریلی میں شرکت سے روکے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا سابق وزیراعظم اور پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ عمران خان کی حفاظت کی ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ پر ہے۔

تحریک انصاف ریلی کا پس منظر

عمران خان نے پی ٹی آئی کے کارکن ظل شاہ کی ہلاکت پر پنجاب حکومت کے ’کار ایکسیڈنٹ‘ موقف کو مسترد کرتے ہوئے آج لاہور میں اپنی قیادت میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز کے مطابق زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالی جائے گی جو علامہ اقبال روڈ اور ریلوے اسٹیشن سے ہوتے ہوئے داتار دربار پہنچے گی۔

شیخ امتیاز نے ریلی کاروٹ بتاتے ہوئے کہا کہ دھرم پورہ چوک، گڑھی شاہو چوک، بوہڑ والا چوک، ریلوے اسٹیشن، سرکلر روڈ، دوموریا پل، دلی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، لوہاری گیٹ، اردو بازار، بھاٹی گیٹ کے مقام پر ریلی کے شرکا ء کا استقبال کیاجائے گا۔

عمران خان نے اتوار کے روز لاہور میں ریلی کا اعلان کیا تھا مگر صوبائی حکومت نے دفعہ 144 نافذ کر دیا تھا جس کے باعث چیئرمین تحریک انصاف نے یہ کہتے ہوئے ریلی ملتوی کردی تھی کہ حکومت ہمیں مشتعل کرنا چاہتی ہے تاکہ مزید مقدمات درج کرسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp