پاکستان سپر لیگ سیزن 9 جاری ہے، شائقین کرکٹ میچز کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی حرکات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے دکھائے دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز ملتان سلطان میں کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑی ڈیوڈ ولے اور شاہنواز دھانی کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انگلش کھلاڑی اللہ ہو اللہ ہو قوالی سن کر محظوظ ہورہے ہیں اور ساتھ میں گنگنا بھی رہے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک کھلاڑی نے ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہنواز دھانی اور انگلش کھلاڑی ڈیوڈ ولے نے قوالی نائٹ میں اللہ ہو اللہ ہو گنگناتے ہوئے رنگ جما دیا۔ ملتان میں میزبان ٹیم کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے نجی ہوٹل میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا۔
مزید پڑھیں
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں شاہنواز دھانی اور برطانیہ سے آنے والے آل راؤنڈر ڈیوڈ ولے کو قوالی نائٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جہاں ان کو قوالی سمجھنے میں مشکل پیش آئی تو شاہنواز دھانی نے ان کی مدد کی اور انہیں قوالی کے بول بھی سکھائے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ ولے شاہنواز دھانی کے ساتھ ’اللہ ھو، اللہ ھو‘ گنگنا رہے ہیں، اس ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
پی ایس ایل کی ایک اور ویڈیو جو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آلراؤنڈر محمد وسیم جونیئر پانی کے وقفے کے دوران گراؤنڈ میں کھڑے نماز ادا کررہے ہیں۔ ان کے اس عمل نے تمام مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وسیم جونیئر کی گراؤنڈ میں نماز پڑھتے ہوئے کی ویڈیو کے خوب چرچے ہیں، مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ باؤنڈری لائن کے پاس عبادت کرنے میں مصروف ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطان کے درمیان جاری سنسنی خیز میچ کے دوران جورڈن کاکس نے یاسر خان کا انتہائی عمدہ کیچ باؤنڈری پر پکڑا، اور عماد وسیم کو تھما دیا۔ جس کے سوشل میڈیا پر چرچے شروع ہوگئے۔