الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 37حلقوں میں ضمنی الیکشن ملتوی کردیے

اتوار 12 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے عدالتی احکامات پیش نظر قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیے ہیں اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری 4 الگ الگ نوٹیفکیشنز میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ عدالتوں کے اگلے احکامات تک قومی اسمبلی کی اسلام آباد میں تین ،خیبر پختونخوا میں 24 ،سندھ میں 9 اور بلوچستان کی ایک نشست پر انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے حلقوں کی تفصیل

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے ہیں ان کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 ایک، این اے 53 اسلام آباد 2 اوراین اے 54 اسلام آباد میں الیکشن ملتوی کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخواکے حلقے جہاں انتخابات ملتوی ہوئے

خیبر پختونخوا کی جن نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے ان میں این اے 25 نوشہرہ ایک، این اے 26 نوشہرہ دو، این اے 28 پشاور دو، این اے 30 پشاور چار، این اے 32 کوہاٹ، این اے 34 کرک، این اے 38 ڈی آئی خان، این اے 40 باجوڑ ایک ،این اے 42 مہمند، این اے 43 خیبر ایک، این اے 44 خیبر دو، این اے 2 سوات ایک، این اے 3 سوات دو، این اے 4 سوات تین، این اے 5 اپر دیر ایک، این اے این اے6 لوئر دیر ایک، این اے 7 لوئر دیر دو، این اے 8 ملاکنڈ، این اے9 بونیر، این اے 16 ایبٹ آباد دو، این اے 17 ہری پور ایک، این اے 18 صوابی ایک، این اے 19 صوابی دو اور این اے 20 مردان ایک شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی کے حلقے

اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کی نشستوں این اے 241 کراچی تین، این اے 242 کراچی شرقی، این اے 243 کراچی شرقی دو، این اے 244 کراچی شرقی اے اور این اے 247 کراچی جنوبی دو،این اے 250 کراچی غربی تین، این اے 252 کراچی غربی پانچ ،این اے 254 کراچی وسطی دو اور این اے 256 کراچی وسطی چار پر الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان اسمبلی کی نشست این اے 265 کوئٹہ دو کے انتخابات بھی ملتوی ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی نشستیں اس وقت خالی ہوئی تھیں جب قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اپریل 2022 سے دیے گئے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے قبول کیے تھے۔

پی ٹی آئی نے استعفوں کی منظوری کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا تھا

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ تحریک انصاف نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا تھا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے یکم مارچ کو تحریک انصاف کے تین ارکان اسد عمر،علی نواز اور راجہ خرم شہزاد کاڈی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا تھا۔

اس کے علاوہ بلوچستان کی عدالت العالیہ نے این اے 265 کوئٹہ میں ضمنی انتخاب روک دیا تھا اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا ڈی نوٹیفکیشن بھی معطل کیا تھا۔

پشاور کی عدالت العالیہ نے بھی قومی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن کرانے کانوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔

اور اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو9 نشستوں پر ضمنی انتخابات نہ کرانے کے احکامات دیے تھے اور اس حوالے سے ادارے کانوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp