ہوشیار! پاکستان میں پھر بارشوں، ژالہ باری اور برفباری کی لہر شروع ہونے والی ہے

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ہفتے کے آخر میں ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو رواں ہفتے بھی جاری رہا۔

بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ ابھی رکا ہی تھا کہ رواں ہفتے سے ملک میں بارشوں اور برفباری کی پھر سے  پیش گوئی کی جا چکی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق، ملک بھر میں رواں ہفتے کے آخر سے ایک اور طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، 25 سے 27 فروری تک شمالی اور جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش یا ژالہ باری کے امکانات ہیں۔

 اویس حیدر کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بارشوں کا نیا سلسلہ پنجاب کے مغربی اور بالائی علاقوں کو بھی متاثر کرے گا جبکہ بالائی علاقوں میں یہ مزید بارشوں اور برف باری کا سبب بنے گا۔

محکمہ موسمیات نے بھی رواں ہفتے کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا ہے اور کہا ہے کہ بارش کے بعد موسم مزید نکھرے جائے گا اور سردی میں بھی کمی واقع ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp