کراچی : ’عورت مارچ‘ میں مرد کے برابر حقوق کا مطالبہ

اتوار 12 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں اتوار کے روز عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا  جس میں خواجہ سراؤں اور مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

عورت مارچ کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برابری کے حقوق دینے کے لیے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر نعرے بازی بھی دیکھنے میں آئی جس سے بزنس گارڈن گونج اٹھا۔

بزنس گارڈن میں ہونے والے عورت مارچ میں عورت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پرفارمنسز کا انعقاد بھی کیا گیا، جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عورت کو معاشرے میں وہی آزادی حاصل ہونی چاہیے جو مرد کو حاصل ہے۔ جبری شادیوں کاسلسلہ روکنے کے ساتھ  ساتھ  دفاتر میں کام کرنے والی خواتین کو بھی یکساں مراعات اور مواقع ملنے چاہییں۔

معاشرے میں تمام توقعات عورت سے لگانا افسوسناک ہے

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے میرا سیٹھی نے کہا کہ  یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ معاشرے میں تمام تر توقعات عورت سے لگائی جاتی ہیں اور عزت اور غیرت کاتعلق بھی اسی سے جوڑ دیا جاتا ہے۔

شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا چھٹا مارچ ہے اور اس بار اس کا مقصد غربت اور بھوک کاخاتمہ ہے۔

بزنس گارڈن میں ابتدائی تقریب  کے  بعد جب  خواتین نے مارچ کا آغاز کیا تو  لیڈیز  پولیس اہلکاروں نے مارچ کو اپنے حصار میں لے لیا ،اس موقع پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے۔

عورت مارچ کے شرکاء نے ڈھول کی تھاپ رقص کیا اور خواتین کے حقوق کے لیے لگنے والے نعروں کاجواب دیتے رہے۔ عورت مارچ آرٹس کونسل روڈ، سندھ اسمبلی اور سندھ ہائی کورٹ کے سامنے سے ہوتا ہوا واپس بزنس گارڈن پر اختتام پذیر ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp