گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کل صبح 10 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، بتایا گیا ہے کہ اسپیکر سبطین خان نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
آئندہ حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کر رکھا ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے میاں اسلم اقبال کا نام دیا ہے۔
ایوان میں اس وقت مسلم لیگ ن 137 اراکین کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان دوسرے نمبر پر ہیں۔