پی ایس ایل 9: شاہین شاہ کی کپتانی ایکسپوز، اظہر علی نے بڑی وجہ بتا دی

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق کپتان اظہر علی نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی پر سوالیہ نشان اُٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ افغان لیگ اسپنر راشد خان کی لاہور قلندرز ٹیم میں عدم موجودگی کی وجہ سے شاہین آفریدی کی کپتانی بے نقاب ہو گئی ہے۔

نجی سپورٹس چینل پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ راشد خان کی غیرموجودگی کے بعد لاہور قلندرز کی بولنگ اور شاہین آفریدی کی کپتانی دونوں ہی ایکسپوز ہو چکے ہیں کیونکہ مڈل اوورز میں انہیں رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ مجھے کہا گیا، راشد خان کے نہ ہونے پر زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے مگر اب پتا لگ رہا ہے کہ میچ کے دوران مڈل اوورز میں راشد خان کتنے مفید تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران افتخار احمد جب نئی بال کا سامنا کرنے آئے تو بولرز نے ان کو ٹانگوں پر بالز کروائیں جبکہ فائن لیگ کا فیلڈر اوپر تھا جس کی وجہ سے ٹیم نے رنز لیک کیے، بولرز اور کپتان کے درمیان کوئی ہم آہنگی دیکھنے میں نہیں آئی۔

اظہر علی کے مطابق ٹیم سے جب کوئی اہم کھلاڑی چلا جاتا ہے تو اس کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ کپتانی کرنا کتنا مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ اس مشکل صورتحال میں شاہین آفریدی کی کپتانی بے نقاب ہوگئی۔
واضح رہے کہ 2 مرتبہ کی دفاعی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp