روسی میڈیا نے برطانیہ کے ٹرائیڈنٹ میزائل کی ناکامی کا مذاق کیوں اڑایا؟

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کی رائل نیوی کی آبدوز سے ٹرائیڈنٹ میزائل کے ناکام تجربے نے عالمی میڈیا کو مذاق اڑانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔ گزشتہ ماہ فلوریڈا کے ساحل پر جب یہ واقعہ پیش آیا تو وزیر دفاع گرانٹ شیپس بھی ایچ ایم ایس وین گارڈ میں سوار افراد میں شامل تھے۔ ٹیسٹ میں ناکامی کی خبر لیک ہونے کے بعد روسی میڈیا نے اس واقعے پر برطانیہ کا مذاق اڑانے میں پہل کی۔

روسی میڈیا روسیا ون نے کہا ہے کہ تجربے کی ناکامی میں رائل نیوی کی ساکھ کے علاوہ کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ ٹی وی چینل کے 60 منٹ کے ٹاک شو کی میزبان اولگا اسکابیوا نے اس سے قبل کہا تھا کہ سابق برطانیہ کی رائل نیوی کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش ناکام رہی۔‘

مزید پڑھیں

روسی ٹیلی گرام چینل پر کہا گیا کہ یہ واقعہ ’ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ برطانیہ آخر کار ’لہروں کے حکمران‘ کی حیثیت کھو چکا ہے۔‘
چین میں شنہوا نیوز ایجنسی کی ویب سائٹ نے ایک مضمون شائع کیا جس کا عنوان تھا: ’میزائل سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، جوہری آبدوز پانی کے اندر گھوم رہی ہے۔‘

شنہوا نیوز ایجنسی کی ویب سائٹ کا عکس

چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز کی ویب سائٹ اس سے بھی آگے چلی گئی۔ لکھا ’شرم کی بات ہے! رائل نیوی کی نیوکلیئر آبدوز ٹرائیڈنٹ ٹو میزائل مسلسل دوسری بار ناکام ہوگیا۔‘

گلوبل ٹائمز کے مضمون میں ٹرائیڈنٹ پروگرام کی ماضی کی ناکامیوں کو بھی یاد کیا گیا ہے، جس میں جون 2016 میں ایک تجربے کے دوران ایک میزائل کا غلطی سے امریکا کی طرف پرواز کرنا بھی شامل ہے۔

ٹرائیڈنٹ میزائل کو مبینہ طور پر افریقہ کے مغربی ساحل کے قریب ایک سمندری ہدف پر 3700 میل (5،954 کلومیٹر) داغنے کا ارادہ تھا۔ ’سنڈے ٹائمز‘نے بحریہ کے ایک سینئر ذریعہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ میزائل کو پانی سے باہر نکلنے کے بعد پرواز کے دوران خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ گلوبل ٹائمز کے مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل رائل نیوی کے ایچ ایم ایس ملکہ الزبتھ طیارہ بردار بحری جہاز کو بھی شرمناک خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

برطانیہ کی رائل نیوی کی آبدوز ایچ ایم ایس وین گارڈ

دوسری جانب ترک میڈیا نے ٹرائیڈنٹ کے ناکام تجربے کی وسیع پیمانے پر کوریج کی ہے۔ حکومت کے حامی اخبار اکسام کی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ نے اپنے ہی وزیر کو گولی مار دی ہے۔ اخبار ملیات کی ویب سائٹ کے مطابق میزائل تجربے کے دوران ناکامی، برطانوی وزیر دفاع بمشکل موت سے بچ سکے۔

برطانوی حکام یا میڈیا رپورٹس کی جانب سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی  کہ مسٹر شیپس کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کی سرخی یہ تھی کہ ’برطانوی جوہری میزائل کا تجربہ ایک بار پھر ناکام ہو گیا ہے‘، جس میں مزید کہا گیا تھا کہ ’اس سے برطانیہ کی جوہری ڈیٹرنس صلاحیت کے بارے میں سوالات اٹھتے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp