’جیل سے وزارتِ اعلیٰ تک، بے شک سیاست بہادروں کا کھیل ہے‘

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس آج 2 گھنٹے تاخیر کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکینِ اسمبلی حلف اُٹھائیں گے۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین قائد میاں نواز شریف کی تصویروں والے پلے کارڈز اُٹھا کر اسمبلی پہنچ گئے جبکہ آج سے اپنی پارلیمانی سیایست کا آغاز کرنے والی مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی جب اسمبلی ہال میں پہنچیں تو ان کے ہاتھ میں اپنے والد کی تصویر تھی۔ مریم نواز کے ہاتھوں میں نواز شریف کی تصویر اٹھائے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب اسمبلی حلف برداری کے موقع پر اپنے والد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی تصویر ساتھ لائیں۔ متعدد دیگر ن لیگی ارکان بھی نواز شریف کی تصویریں لائے۔

نورین سلیم نے مریم نواز کے لیے لکھا کہ جیل کی کال کوٹھری سے وزیر اعلیٰ پنجاب تک۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بے شک سیاست بہادروں کا کھیل ہے ۔ مریم نواز نے بہادری سے ڈٹ کر اپنے والد کیساتھ ایک سازشی ظالم اور مضبوط اسٹیبلشمنٹ کا مقابلہ کیا ۔ آج وہ اکثریت کے ساتھ تخت پنجاب پر بیٹھیں گی اور ایک مضبوط وزیر اعلیٰ ہوں گی۔

ایک صارف نے لکھا کہ جیل میں باپ کے سامنے گرفتار ہونے سے لے کر باپ کے سامنے وزیر اعلی پنجاب کا حلف لینے والی مریم نواز شریف۔

رباب حیات نے ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ پنجاب اسمبلی میں مریم نواز کو دیکھتے ہی مینڈیٹ چور کے نعرے۔

واضح رہے کہ مریم نواز کا آج سے پارلیمانی سیاست کا آغاز ہو رہا ہے، وہ پہلی بار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp