ہاک آئی ٹیکنالوجی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے میچ میں سلمان علی آغا کی گیند پر رئلی روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینے کا فیصلہ ٹیکنالوجی کے ساتھ انسانی غلطی تھی۔
مزید پڑھیں
’ ہاک آئی ‘ نے اعتراف کیا کہ سسٹم نے پھینکی گئی گیند کو درست طریقے سے ٹریک کیا، جس میں ایمپائر کی کال کے مطابق گیند وکٹوں کے اندر جا رہی تھی اور وکٹوں سے بھی ٹکرا رہی تھی جب کہ سسٹم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے سسٹم میں گیند کا ٹریکنگ ڈیٹا غلط ظاہر کیا گیا تھا۔
ہاک آئی نے افسوس اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ’ اگر سب کچھ توقع کے مطابق کیا گیا ہوتا تو غلط ڈیٹا کے فوراً بعد صحیح بال ٹریکنگ ڈیٹا دستیاب ہو جاتا۔
ہاک آئی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بال ٹریکنگ کے لیے واحد منظور شدہ ٹیکنالوجی ہے، جسے پہلی بار 2008 میں آزمایا گیا تھا اور تب سے یہ ڈی آر ایس سسٹم کا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ گلیڈی ایٹرز کے ہدف کے تعاقب کے دوران کپتان رائلی روسو نے 11 ویں اوور کی آخری گیند پر آغا سلمان کو سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سے گیند چھوٹ گئی اور ایمپائر نے ان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا۔
تاہم جائزے کے دوران ڈی آر ایس ٹیکنالوجی سے پتہ چلا کہ گیند اسٹمپ سے دور جا رہی تھی جس کی وجہ سے رائلی روسو کو تھرڈ ایمپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 3 وکٹوں سے شکست کھانے کے بعد برہم ہوگئے اور اس شکست کا ذمہ دار اسی ٹیکنالوجی کو قرار دیا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کی ذمہ دار ٹیکنالوجی ہے، ٹیکنالوجی نے ریویو میں رئلی روسو کے آؤٹ ہونے کے حوالے سے ایک مختلف گیند دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بطور لیگ اسپنر 4 اوورز باؤلنگ کرائی لیکن گیند ٹرن نہیں ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہییں۔
واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ ہی گلیڈی ایٹرز نے اپنی تیسری فتح حاصل کر کے پوائنٹ ٹیبل پر ملتان سطانز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
145 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے سخت محنت کرنا پڑی تھی۔ کپتان رائلی روسو جنہیں ایمپائر نے آؤٹ قرار دے دیا تھا لیکن ڈی آر ایس کے ذریعے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا تھا، کے 34 رنز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 ویں اوور میں ہدف مکمل کر لیا تھا۔