پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے نامزد اُمیدوار ملک محمد احمد خان اسپیکر اور ملک ظہیر اقبال چنڑ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔ ملک محمد احمد خان نے 224 جب کہ ملک ظہیر اقبال چنڑ نے 220 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے اتحادی اُمیدوار ملک محمد احمد خان نے 224 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ان سے حلف لیا۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور ان کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اُمیدوار ملک احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے درمیان مقابلہ تھا، اتحادی امیدوار ملک محمد احمد خان 224 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔
ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے لیے 3 بولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔ جن میں 322 اراکین نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔2 ووٹ مسترد ہوئے۔ ووٹنگ کے بعد ہونے والی گنتی میں ملک احمد خان سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے مقابلے میں 224 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے نامزد اُمیدوار ملک ظہیر اقبال چنڑ 220 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے حلف لیا۔
ملک احمد خان کو مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ق اور استحکام پاکستان پارٹی کے 222 اراکین کی حمایت حاصل تھی تاہم انہیں 2 ووٹ مزید پڑے ہیں جس کے بعد وہ 224 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ جب کہ سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو 96 ووٹ پڑے ہیں۔ 16 اراکین نے اسمبلی میں آ کر حلف نہیں اٹھایا۔
اسپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان اور سنی اتحاد کونسل نے احمد خان بھچر کے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے تھے ۔
ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن نے ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل نے معین ریاض قریشی کے کاغذات جمع کروا رکھے ہیں۔
سیکریٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے کاغذات نامزدگی وصول کیے ۔
ادھر پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان نے بتایا ہے کہ اپوزیشن بنچوں پر 27 مخصوص نشستیں، 3 اقلیتی ممبران کو ملا کر 30 ممبران بنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل کے لوگوں کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا۔