پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست

اتوار 25 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 2024 ، ایڈیشن 9 کے گیارویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دے دی، ملتان سلطانز کے 181 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن رائے اور سعود شکیل نے اننگز کا آغاز کیا تو 16 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 42 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعود شکیل 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 104 کے مجموعی اسکور پر گری جب ریلی روسو 30 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھی وکٹ 107 کے مجموعی اسکور پر گری جب سجاد علی 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سب سے زیادہ 36 اسکور خواجہ نافع نے بنائے، لیکن وہ بھی 124 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چھٹی وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری جب شیرفین ردرفورڈ 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 136 کےمجموعی اسکور پر گری جب محمد وسیم 1 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آٹھویں وکٹ 152 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد عامر 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، نویں وکٹ 167 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ابرار احمد12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ عقیل حسین نے 9 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے محمد علی، ڈیوڈ ولی نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آفتاب ابراہیم نے 2 جب کہ اسامہ میر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ریزا ہینڈرکس نے 47 گیندوں پر 72، کپتان محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 51، طیب طاہر نے 22 گیندوں پر 35 اور عثمان خان نے 7 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد اور عقیل حسین ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ملتان میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ملتان سلطانز نے 4 میچ کھیل کر 3 جیتے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے تینوں میچ جیت چکا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان پہلے اور کوئٹہ دوسرے نمبر پر ہے۔

آج کے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عثمان خان، طیب طاہر اور آفتاب ابراہیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی، بولر حسنین کی جگہ عثمان طارق کو ٹیم میں لیا گیا۔

واضح رہے سپر سنڈے کو 2 میچز کھیلے جارہے ہیں، دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp