ملک کی معاشی سرگرمیوں میں اتار چڑھاؤ، درآمدات میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ

اتوار 25 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے بیورو آف شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جاری معاشی سرگرمیوں میں ملا جلا رجحان رہا، ایل این جی، زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات جبکہ سوتی دھاگے کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، غیر ملکی سرمایہ کاری میں 21 فیصد کمی، جب کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔

پاکستان بیورو شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے جنوری 2023 تک کی مدت میں ایل این جی کی درآمدات پر 2.29 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ ملک میں ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ دسمبر میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 387 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری میں بڑھ کر 445 ملین ڈالر ہوگیا۔

زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں 103 فیصد اضافہ

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 103 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔  جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 49 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 103 فیصد زیادہ ہے۔

سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 49 فیصد اضافہ

اسی طرح سوتی دھاگہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پہلے 7 ماہ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 670 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔

ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں معمولی اضافہ

اسی طرح ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں گزشتہ ہفتے کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق 22 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1259 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.35 فیصد زیادہ ہے۔

ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 21 فیصد کمی

ادھر ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 21 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ملک میں 689 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 877 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی ۔ جنوری میں ملک میں 173 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی جو گزشتہ سال جنوری میں 237 ملین ڈالر تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp