سندھ اور پنجاب کے وزراء اعلیٰ کا انتخاب کچھ دیر بعد ہوگا

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات کے بعد آج پنجاب اور سندھ میں وزراء اعلیٰ کا انتخاب ہوگا، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب احمد امیدوار ہوں گے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی مدِمقابل ہیں۔

نومنتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال اور اسکروٹنی کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق درست قرار دے دیے، وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب صبح 11 بجے شروع ہونیوالے اجلاس میں ہو گا جبکہ نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب آج 2 بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی۔

نمبر گیم کے اعتبار سے مریم نواز پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی مضبوط امیدوار ہیں، انہیں ایوان میں 225 اراکینِ اسمبلی کی جبکہ ان کے مخالف امیدوار رانا آفتاب احمد خان کو 103 اراکین کی حمایت حاصل ہے، واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں، کسی بھی صوبے میں ابھی تک کوئی خاتون وزیراعلیٰ منتخب نہیں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں آج وزیراعلیٰ سندھ کے لیے متوقع انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی گزشتہ روز سیکریٹری سندھ اسمبلی کے ہاں جمع کروائے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دیدیاگیا۔

پیپلز پارٹی کی سندھ اسمبلی میں واضح اکثریت ہونے کی وجہ سے مراد علی شاہ تیسری بار وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں، گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر جبکہ انتھونی نوید پہلے مسیحی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp