واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام جیسی معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا نے ٹوئٹر کے مقابلے میں ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایلون مسک کے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے اور اکاؤنٹ کی تصدیق یعنی بلیو چیک کے لیے ماہانہ آٹھ ڈالرز فیس کے اعلان کے بعد صارفین کی بڑی تعداد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کا متبادل ڈھونڈ رہی ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق ’ میٹا‘ نے نومبر 2022 میں ٹوئٹر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے صارفین کو راغب کرنے اور ٹوئٹر کا متبادل متعارف کرانے کے لیے مختلف تجاویز پر طویل غور و فکر کرنا شروع کردیا تھا۔
ایک تجویز یہ تھی کہ ٹیکسٹ پر مبنی نئی ایپ تیار کی جائے یا ٹوئٹر جیسی نئی فیڈ انسٹاگرام میں شامل کی جائے، جسے ’ رئیل ٹائم ‘ یا ’ رئیل ریلز‘ کا نام دیا جاسکتا ہے۔ یا پھر انسٹاگرام میں نوٹس کے نام سے ٹوئٹر جیسا فیچر متعارف کرایا جائے۔
میٹا کی انسٹاگرام ایپ کافی حد تک ٹک ٹاک کی نقل ہے۔ فیس بک پر بھی ٹک ٹاک کی طرح مختصر ویڈیوز پر توجہ دی جارہی ہے۔ ٹک ٹاک سے قبل انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کے فیچر’اسٹوریز‘ کو بھی کاپی کیا تھا۔
میٹا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ‘ٹوئٹر کو بحران کا سامنا ہے ، اس صورتحال میں میٹا اپنا جادو چلا کر(متبادل ایپ کے ذریعے) ٹوئٹر صارفین کو اپنی جانب کھینچ لے گا ‘۔
میٹا نے ٹوئٹر جیسی ایپ کا ابتدائی نام‘P92’ تجویز کیا ہے جہاں تخلیق کار اور معروف شخصیات اپنے تبصرے اور کارنامے شیئر کر سکیں گے۔ ابتدائی طور پر انسٹا گرام کے ذریعے‘P92’ پر لاگ ان ہو سکیں گے۔ یاد رہے کہ ابھی تک نئی ایپ لانچ کرنے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ یہ کب صارفین کو میسر ہو گی۔
مسٹوڈن: ٹوئٹر کی برتری کو چیلنج کرے گا؟
برطانوی اخبار دی ’ گارڈین‘ کے مطابق جنوری 2023 میں مسٹوڈن کی طرف ٹوئٹر کے ایک لاکھ 30ہزار سے زائد صارفین نے رخ کیا ہے۔ مسٹوڈن پر اس وقت 15 لاکھ 55 ہزار سے زائد صارفین موجود ہیں۔
ٹوئٹر کے کافی صارفین مسٹوڈن منتقل ہو چکے ہیں، ان کے مطابق مسٹوڈن کا استعمال ٹوئٹر جتنا آسان نہیں ۔ ٹوئٹر صارف مارٹن لوئس جن کے ٹوئٹر پر 20 لاکھ فالورز ہیں نے بھی مسٹوڈن پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا ہے ۔ اگرچہ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ انہیں ابھی یہ علم نہیں کہ اسے استعمال کیسے کرتے ہیں۔
مسٹوڈن 2016 میں بنایا گیا تھا اور اسے اشتہارات سے پاک پلیٹ فارم بھی کہا جاتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم دیکھنے میں ٹوئٹر جیسا ہی ہے لیکن اس میں کافی فیچرز ٹوئٹر سے مختلف ہیں۔ ٹوئٹر پر صارفین ٹویٹ کرتے ہیں لیکن مسٹوڈن پر اس ٹویٹ کو ’ٹوٹ‘ کہا جاتا ہے۔
آپ مسٹوڈن پر سائن ان کرتے ہیں تو آپ سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کون سا سرور جوائن کرنا چاہتے ہیں؟ یہ سرورز آپ کے علاقے، رجحانات اور پیشوں کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیے گئے ہیں ۔ سوشل نیٹ ورکنگ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مسٹوڈن ٹوئٹر کی برتری کو چیلنج کرے گا۔