بھارت کے مشہور غزل گلوکار پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 72 برس تھی۔
’چٹھی آئی ہے‘ اور جیئں تو جیئں کیسے‘ جیسے ان گنت لازوال نغموں سے اپنی ایک الگ شناخت قائم کرنے والے لیجنڈ پنکج ادھاس کا بریچ کینڈی اسپتال میں علاج جاری تھا تاہم انہوں نے پیر کو مقامی وقت کے مطابق دن کے 11 بجے آخری ہچکی لی۔
مزید پڑھیں
پنکج ادھاس کی بیٹی نایاب ادھاس نے والد کی موت کی تصدیق کی۔ نایاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے والد کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ ’بہت تکلیف کے ساتھ ہم آپ کو پدم شری پنکج ادھاس کے انتقال کی خبر دے رہے ہیں‘۔ ان کے انتقال کی خبر سے فلم انڈسٹری اور ان کے چاہنے والوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

نایاب کی پوسٹ سامنے آنے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پنکج ادھاس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی آخری رسومات منگل کے روز ادا کی جائیں گی۔
غزل گائیکی میں ایک منفرد مقام رکھنے والے پنکج ادھاس کو مشہور غزل ’چٹھی آئی ہے‘ سے شہرت ملی تھی جو کہ فلم ’نام‘ میں شامل تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے فلم ’ساجن‘ کے نغمے ’جیئیں تو جیئں کیسے‘ کو بھی آواز دی تھی جو اپنے وقت میں ہر کسی کی زبان پر رہتا تھا جس کی بازگشت آج بھی سنائی دیتی رہتی ہے۔