پاکستانی ملبوسات چین میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں، غلام قادر

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے دارلحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے پیر کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی ملبوسات چینی فیشن مارکیٹ میں نمایاں مقام بنا رہی ہیں، ملبوسات کے مختلف شعبوں بالخصوص مردوں اور خواتین کے ملبوسات میں مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2023 ء میں چین کو پاکستان کی پانچ بہترین ٹیکسٹائل مصنوعات 92.61 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئیں تھیں۔ چین کو گھریلو ٹیکسٹائل، جرسی اور بلوزرز اور ٹی شرٹس کی برآمدات بالترتیب 5.89 ملین ڈالر، 33.47 ملین ڈالر اور 14.11 ملین ڈالر سے زیادہ تھیں۔

پاکستانی مردوں کی چین کو ملبوسات کی برآمدات 28.66 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ خواتین کے ملبوسات کی برآمدات 10.46 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 9.44 ملین ڈالر تھیں جو 11 فیصد اضافہ ہے۔ مجموعی طور پر مردوں اور خواتین کے ملبوسات کی برآمدات 39.12 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئیں جو 2023 میں 3 فیصد اضافہ ہے۔

غلام قادر نے کہا کہ چین میں ابھرتی ہوئی مارکیٹ حرکیات دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور توسیع کے مواقع پیش کرتی ہیں۔ پاکستان اور چین دونوں کے کاروباری اداروں کو صارفین کی ترجیحات کو سمجھ کر اور اس کے مطابق اپنی حکمت عملی کو اپناتے ہوئے اس رجحان سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کو دیکھتے ہوئے پاکستان مئی 2024 میں ٹیکسٹائل میلے (ٹی ای ایکس پی او) کا انعقاد کرنے جا رہا ہے، جس سے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp