مردان میں پولیس آپریشن: ایس پی اعجاز خان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں ایس پی اعجاز خان شیر پاؤ شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں، جوابی فائرنگ میں 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مردان پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس مقابلے کا واقعہ مردان کے علاقہ کاٹلنگ میں پیش آیا، جہاں پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایس پی رورل کاٹلنگ اعجاز خان شیر پاؤ کی نگرانی میں کاٹلنگ متہ کے مقام پر پہنچ گئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس مقام پر پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی اور دستی بم سے بھی حملے کیے، دہشتگردوں کے اس حملے میں ایس پی اعجاز خان شیرپاؤ شہید جبکہ ڈی ایس پی کاٹلنگ نسیم خان اور ان کے 2 محافظ منصور اور سلیم زخمی ہوگئے۔

تمام زخمیوں کو کاٹلنگ اسپتال اور بعد ازاں تشویشناک حالت میں مردان میڈیکل کمپلیکس اسپتال پہنچادیا گیا ہے، واقعے کے فوراً بعد مزید پولیس نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔

ڈی پی او مردان نجیب الرحمن کے مطابق پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں، شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کرنے کے بعد جسد خاکی ان کے آبائی علاقہ شیرپاؤ چارسدہ روانہ کردیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp