ٹی20 کرکٹ، بابر اعظم نے تمام ایشیائی بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ٹی20 کرکٹ میں 10 سے زائد سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے جبکہ پہلے ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے ٹی20 کیریئر کی 11ویں سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز کرس گیل کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے تاریخ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بین الاقوامی ٹی20 میچوں میں 3 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں 1، وائٹلٹی بلاسٹ اور نیشنل ٹی20 کپ میں 2، 2 سنچریاں بالترتیب سمر سیٹ اور سینٹرل پنجاب کے لیے اسکور کر چکے ہیں۔ بابر اعظم کی پاکستان سپر لیگ کی یہ دوسری سنچری ہے، انہوں نے گزشتہ سیزن میں بھی سنچری اسکور کی تھی۔

اس سنچری کے ساتھ 28 سالہ بلے باز اب 10 سے زائد ٹی20 سنچریاں اسکور کرنے والے ایشیا کے پہلے کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

دوسری جانب کرس گیل 463 ٹی 20 میچوں میں 22 سنچریوں کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔

بابراعظم کے بعد سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دوسرے ایشیائی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی20 کرکٹ میں 8 مرتبہ 100 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp