وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں دوبارہ سر اٹھانے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام صوبوں سے تعاون طلب کیا اور قومی توانائی کے تحفظ کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے تاجر برادری سے تعاون کی درخواست کی۔
مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر کو صوبوں سے مشاورت کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور عسکریت پسند قوم کے عزم کو کبھی متزلزل نہیں کر سکیں گے اور وطن کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبائی ایپکس کمیٹیوں کو باقاعدگی سے اجلاس کرنے اور دیگر صوبوں کے ساتھ کوآرڈینیشن بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ اور سیکریٹری نے اجلاس کو سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور چاروں چیف سیکریٹریز اور انسپکٹرز جنرل آف پولیس نے اپنے اپنے علاقوں کی صورتحال کے ساتھ ساتھ اس لعنت کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔
وزیراعظم نے نیکٹا کے قومی رابطہ کار کو انسداد دہشت گردی کے محکموں اور صوبوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطوں کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، مشیر احد چیمہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، صوبائی چیف سیکریٹریز اور پولیس کے سربراہان نے شرکت کی۔