پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ہر خاص و عام کو مہینے کے آخر میں پیٹرول کی قیمت سے متعلق خبر کا انتظار رہتا ہے۔ گزشتہ برس ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ یا کمی ہوتی رہی ہے۔ تاہم رواں سال کے آغاز سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے اور اب یکم مارچ سے بھی پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہنے کی امید کی جاری ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 29 فروری کو اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔
مزید پڑھیں
مزید پڑھیں
ڈالر کی قدر کم اور خام تیل کی قیمت مستحکم ہے
یاد رہے کہ حکومت نے پچھلی بار 15 فروری کو جب پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے کا اضافہ کیا تھا، اس وقت انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 279 روپے تھی جو اب 276 روپے ہے۔ اسی طرح خام تیل کی قیمت اس وقت 81 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ اب بھی اسی کے آس پاس ہے۔
گزشتہ برس کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی۔ اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ 15 دن سے خام تیل کی قیمت مستحکم ہے اور اس وقت خام تیل کی قیمت 81 ڈالر فی بیرل ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ طور پر ردوبدل نہیں ہوگا، تجزیہ کار
پاکستان میں ڈالر کی قیمت گزشتہ 15 دن سے 279 روپے تک مستحکم ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل اور ڈالر کی قیمت میں استحکام کے پیش نظر تجزیہ کاروں کا بھی کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ تاہم قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 29 فروری کی شب اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔
ماہ فروری کے نصف میں ڈالر کی قدر اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 73 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 31 جنوری کو برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل، حکومت نے عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق، جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ سال ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا، انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کو 275 روپے کا ہو گیا تھا۔ گزشتہ ماہ سے ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جو 289 روپے سے کم ہو کر اس وقت 276 روپے ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے امید کی جاسکتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم مارچ سے کمی ہوسکتی ہے۔