تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے مریم نواز سے متعلق ٹویٹ پر ایف آئی اے نے شہری راجا محمد ہارون کی درخواست پر فواد چودھری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا کہ مریم نواز پر توشہ خانہ سےگھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا۔ ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے مریم نواز سے متعلق توشہ خانہ تحائف پر ٹویٹ سے متعلق شہری راجا محمد ہارون کی شکایت پر فواد چودھری کو نوٹس جاری کر دیا۔ نوٹس میں فواد چودھری کو17مارچ کو اسلام آباد کرائم سرکل میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سب انسپیکٹر محمد منیب ظفرکے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں دفعہ 174 کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
نیب فوری طور پر مریم نواز کو توشہ خانے سے گھڑی لینے پر طلب کرے اور تحقیقات کی جائیں کہ دو کروڑ روپے کی گھڑی دس لاکھ میں ایک پرائیویٹ شہری کو کیسے دے دی گئ؟ https://t.co/pk2ce3n9jA
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 12, 2023
شکایت میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری نے 12 مارچ 2023 کی شب نو بج کر بیالیس منٹ پر اشتعال انگیز اور جھوٹا ٹویٹ کیا۔ جس میں مریم نواز پر توشہ خانہ سےگھڑی لینےکاجھوٹا الزام عائد کیا۔ توشہ خانہ ریکارڈ جاری ہو چکا ہے جس میں مریم نوازکے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ مزید یہ کہ ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا ردعمل
فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایف آئی اے کا نوٹس لف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1635193510096764928?s=20
اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہو چکے ہیں۔ ان معاملات پر سپریم کورٹ کی خاموشی تباہ کن ہے۔ فواد چودھری نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوا لکھا ’چیف جسٹس صاحب معاملات پر خاموشی آئین کو معطل کرنے کی منظوری ہوگی۔‘