سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، مریم نواز کی کابینہ کا حصہ ہوں گے؟

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات میں سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 100 سے آزاد امیداور نثار جٹ سے ہار گئے تھے، جس کے بعد رانا ثنا اللہ نے اپنی پارٹی سے کہا کہ وہ ضمنی الیکشن نہیں لڑنا چاہتے نہ ہی وہ سینیٹر اور گورنر بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

مسلم لیگ ن ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز نے رانا ثناء اللہ کو ضمنی الیکشن لڑنے پر راضی کرلیا ہے، توقع ہے کہ رانا ثنا اللہ پنجاب کابینہ میں بطور مشیر وزیر داخلہ آج یا کل حلف اٹھائیں گے۔ رانا ثنا اللہ کچھ عرصہ مشیر داخلہ کے فرائض انجام دیں گے اور اس کے بعد انہیں شیخو پورہ میں رانا تنویر کی چھوڑی ہوئی صوبائی سیٹ یا حمزہ شہباز کی چھوڑی ہوئی صوبائی نشست پر الیکشن لڑایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز رشید بھی مریم نواز کے ساتھ بطور مشیر وزیراعلیٰ کام کریں گے، رانا ثنا اللہ، مریم نواز کو اسمبلی معاملات میں اسسٹ بھی کریں گے۔

رانا ثنا اللہ 2 بار صوبائی وزیر قانون رہے

سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ شہباز شریف کی کابینہ میں 2 بار صوبائی وزیر قانون رہے ہیں اس وقت رانا ثنا اللہ کو پنجاب کا ڈپٹی وزیراعلیٰ بھی کہا جاتا تھا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تناطر میں شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کو وزرات قانون سے ہٹا دیا تھا لیکن بعد میں دوبارہ انہیں وزیر قانون بنا دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ پنجاب کے معاملات اچھی طرح سمجھتے ہیں اس لیے پارٹی سمجھتی ہے کہ رانا ثنا اللہ کا پنجاب میں ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر ن لیگ پنجاب میں ڈلیور کرنا چاہتی ہے تو رانا ثنااللہ کا پنجاب میں ہونا بہت ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp