ملک میں عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل ہونے جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپر وزیٹر گیلری کے کارڈ منسوخ کر دیے گئے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا ہے کہ مہمانوں کے لیے اپر وزیٹر گیلری کے کارڈ سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر منسوخ کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں نومنتخب ممبران سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ کارڈ اپنے ہمراہ لائیں۔
قومی اسمبلی ہال میں داخلے کے لیے قومی اسمبلی کی جانب سے اراکین کو جاری کردہ کارڈ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری اس اعتراض کے ساتھ واپس کر دی تھی کہ جب سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ حل نہیں ہو جاتا تب اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔
صدر مملکت کے اس موقف کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے از خود اجلاس 29 فروری کو صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔
آئینی طور پر لازم ہے کہ انتخابات کے بعد 21 ویں روز تک قومی اسمبلی کا اجلاس بلا لیا جائے، ایسی صورت میں 29 فرروی تک اجلاس بلانا لازم تھا۔