توشہ خانہ کیس: عمران خان کو گرفتار کرکے 18مارچ کو پیش کرنے کا حکم

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی عدالت نے ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اور انھیں گرفتار کرکے اٹھارہ مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

 اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج فرد جرم عائد کرنےکے لیے طلب کر رکھا تھا، اور عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کرکے آج پیشی کا حکم دیا تھا۔ تاہم وہ آج بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔

عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست

عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔ خواجہ حارث نے سماعت کے آغاز میں ہی عمران خان کی آج کی پیشی کے لیے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔

خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، انہیں سیکیورٹی خطرات ہیں، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کر رکھی ہے۔

دوران سماعت خواجہ حارث نے عدالت سے توشہ خانہ کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئےکہا کہ عدالت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے پہلے کیس کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کرے۔

خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ فوجداری کارروائی میں تمام قانونی پہلوؤں کو مدِنظر رکھنا پڑتاہے، قانون کے مطابق فوجداری کارروائی میں کرپٹ پریکٹس کی شکایت 120 دنوں کے اندر کرنا ہوتی ہے لیکن عمران خان کے خلاف تین سال بعد شکایت دائر کی گئی،

خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ کاروائی آگے بڑھانے سے پہلے دوخواست کے قابل سماعت ہونے کا پر فیصلہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن وکیل کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی مخالفت

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس میں عمران خان کے آج تک وارنٹ منسوخی کا فیصلہ دیتے ہوئے سابق وزیر کو سیشن عدالت میں پیش کونے کی ہدایت کی تھی۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عمران خان کو حاضری سے استثنی دینے کی مخالفت کرتے ہو کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جو ریلیف بار بار مل رہا وہ اس کا ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش کی درخواست زیر سماعت ہے

جواب الجواب دلائل میں عمران خان کے وکیل گوہرعلی خان نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم کو عدالت پیشی کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت دینے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ آخر جلدی کیا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی سماعت کا انتظار کر لینا چاہیے۔

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو عدالت نے  کچھ دیر بعد سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کردیے، اور حکم دیا کہ عمران خان کو 18 مارچ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp