پاکستانی ڈرامے بھارت میں بھی مقبول، سارہ خان نے دونوں ممالک کو کیا پیغام دیا؟

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں پاکستانی ڈراموں انتہائی مقبول ہیں اور وہاں کے ناظرین کی ایک بڑی تعداد پاکستان کے اداکاروں کو بھی بے حد پسند کرتے ہیں۔

 ہر ہفتے بھارت میں یوٹیوب پر کوئی نہ کوئی پاکستانی ڈراما ٹرینڈ کر رہا ہوتا ہے، ان میں ’تیرے بن‘ ، ’کیسی تیری خود غرضی‘، ’ محبت گُمشدہ میری‘  اور آج کل ’عشق مرشد‘  جیسے ڈراموں نے بھارت میں مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا ہے اور بہت ہی اچھا بزنس بھی کیا ہے۔

پاکستان کے ڈراموں کی مقبولیت کے علاوہ ایک بات اور سامنے آئی ہے کہ بھارتی مداح پاکستانی ستاروں سے بھی بہت محبت کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے ’ ہمسفر‘  اور ’ زندگی گلزار‘  ہے کی مقبولیت اور ان میں بھارتی مداحوں کا ہی کردار تھا کہ ہمیں فواد خان اور ماہرہ خان بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آئے۔ بھارتی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے تازہ ترین اور پہلے پاکستانی ڈرامے عبداللہ پور کا دیوداس کا پریمیئر بھی ’ذی زندگی‘ ٹیلی ویژن پر ہوا۔

پاکستانی ٹی وی اداکارہ سارہ خان کو بھی ایک بھارتی اخبار سے اپنے انٹرویو کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ وہ بھارت میں کتنی مشہور ہیں۔ سارہ خان کا کہنا تھا کہ ان کے ڈرامے ’ ثبات‘کے بعد انہیں بھارت سے بہت سے پیغامات موصول ہونے لگے اور بہت سے بھارتی شہری انہیں انسٹاگرام پر فالو کرنے لگے، اسی وقت انہیں پتہ چلا کہ وہ بھارت میں بہت مقبول ہیں۔

سارہ خان نے پاک بھارت سیاسی تناؤ کو ختم کرنے پر بھی زور دیا، انہوں نے فنکاروں کی جانب سے کیے گئے سائن کیے گئے منصوبوں پر بھی بات چیت کی جو پاکستان اور بھارت کے سیاسی تناؤ کی وجہ سے التوا میں چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں لوگ پاکستانی ستاروں کو دیکھنا پسند کرتے ہیں اور جب ان سیاسی تناؤ کی وجہ سے پروجیکٹس رک جاتے ہیں تو وہاں کے ہمارے مداحوں کو بہت دکھ ہوتا ہے۔

سارہ خان نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے امکانات کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ بھی بالی ووڈ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں لہٰذا اگر انہیں کسی اور انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملتا ہے تو انہیں بہت اچھا لگے گا کیونکہ کسی بھی دوسری انڈسٹری میں کام کرنا کسی بھی اداکار کے مستقبل کے لیے بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سلمان خان ان کے پسندیدہ اداکار ہیں اور وہ ان کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp