‘قرآن کی خدمت کے لیے پولیس کی نوکری چھوڑ دی، ڈیڑھ لاکھ شہید قرآن جمع کر چکا ہوں’

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب پولیس سے سب انسپکٹر کی نوکری چھوڑ کر قرآن مجید کی خدمت کرنے والے حافظ عمران قریشی اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہید قران مجید اکٹھے کر چکے ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں قرآن کی بے حرمتی ہو جائے تو ہم آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں لیکن اپنے ملک میں قرآن مجید کی نادانستہ طور پر بے حرمتی ہو رہی ہوتی ہے اور ہم خاموش رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مسجد کی سیڑھیوں سے بھی شہید قرآن مجید اٹھائے ہیں کیونکہ مقدس اوراق کے لیے مخصوص ڈبے میں جگہ نہ ہونے کے باعث لوگ اوراق مسجد میں کہیں بھی رکھ دیتے ہیں۔

حافظ عمران یہ سارا کام اپنی مدد آپ کے تحت کرتے ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا اور اٹک تک کی مساجد سے قرآن مجید جمع کیے ہیں۔

ان کے ساتھ کام کرنے والے کئی رضاکار ہیں جو مختلف جگہوں سے اطلاع ملنے پر فوری پہنچ جاتے ہیں اور شہید قران کو محفوظ کر لیتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے عمران اپنی گاڑی استعمال کرتے ہیں اور شہید قرآن مجید 2 دکانوں میں جمع کرلیتے ہیں۔ جو زخمی قران ہیں ان کو دوبارہ ٹھیک کر کے مساجد میں رکھ دیتے ہیں اور جو مکمل شہید ہیں انہیں جمع کرلیتے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک دوست نے انہیں چکوال میں جگہ دی ہے جہاں وہ تمام مسالک کے علما اور میڈیا کو ساتھ لے جائیں گے اور شریعت کے مطابق ان لاکھوں شہید نسخوں کی تدفین کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp