ایک ہفتے کا وقت دے رہا ہوں جس کے خلاف ثبوت نہیں اس کی ایف آئی آر ختم کی جائے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے میرے اوپر 9 ضلعوں میں غیر قانونی مقدمے درج کیے گئے، خیبر پختونخوا میں جن جن کے اوپر مقدمے درج ہیں ان کی تحقیقات کریں، اگر ثبوت نہیں ہیں تو ایک ہفتے کے اندر اندر ان مقدمات کو ختم کیا جائے۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ 9 مئی واقعے کی انکوائری کرائیں۔

وعدہ کرتا ہوں کے پی کے عوام کی خدمت کروں گا، علی امین گنڈا پور

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا عمل ہوا، منتخب اراکین نے رائے شماری کے ذریعے علی امین گنڈا پور کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب کیا۔ علی امین نے 90 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر عباد اللہ نے 16 ووٹ حاصل کیے۔ علی امین گنڈا پور نے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا، دعا ہے کہ اللہ مجھے اس جہاں اور قیامت والے دن سرخرو کرے۔ دل سے دکھی ہوں کہ آزاد حیثیت سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں بلکہ انتخابی نشان ہی لے لیا گیا تھا، لیکن یہ ان کی بھول ہے کہ ہم اپنا حق لینا بھی جانتے ہیں اور چھیننا بھی، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔ سب سے پہلے میں خود کو پیش کرتا ہوں کہ آئیں میرا حلقہ کھولیں اور فارم 45 کے ذریعے جو جیتا ہے اس کو جیتا ہوا امیدوار قرار دیا جائے۔ ہماری جدو جہد سیاسی جد و جہد ہے آئین کے لیے کھڑے رہیں گے۔

’چیف الیکشن کمشنر صاف شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ چیف الیکشن کمشنر اپنا استعفیٰ دے، مینڈیٹ چوری کرنا آئین و قانون سے غداری ہے‘۔

نہ کرپشن کریں گے اور نہ کرپشن کرنے والوں کو چھوڑیں گے

ان کا کہنا تھا کہ تمام اراکین میرے ساتھ حلف اٹھائیں کہ نہ کرپشن کریں گے اور نہ کرپشن کرنے والوں کو چھوڑیں گے، عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ  آپ جہاد کریں کرپشن کے خلاف ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم ایسا نظام لائیں گے جس میں دھاندلی نہ ہو سکے۔ ہم یہ نظام لانا چاہتے تھے لیکن دوسری جماعتوں نے ہماری مخالفت کی کیونکہ انہوں نے دھاندلی کی۔

وزیراعلیٰ  نےتمام ارکان سے کرپشن نہ کرنے کا قرآن پاک پر حلف لیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارکان کھڑے ہوکر قرآن پرحلف دیں نہ کرپشن کریں گے نہ کرنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کس میں پیسے لوٹنے کی جرات ہے، اگر ہم نے یہ جہاد کرلیا تو 90 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے۔

سب جانتے ہیں کہ سیلیکٹڈ کون ہے

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہٹانے سے پہلے ملک کے حالات کیا تھے اور اب کیا ہیں، سب جانتے ہیں کہ سیلیکٹڈ کون ہیں، یہ بار بار سیلیکٹ ہو کر آتے ہیں اور عوام کو لوٹتے ہیں۔ ہم نے 2 صوبوں کی حکومت چھوڑی ہم اقتدار نہیں لوگوں کی عوام کی سیاست کرتے ہیں۔ ان میں تو ہمت ہی نہیں ایسا کرنے کی۔

صوبے کا سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے، سب سے پہلے اس کو ختم کریں گے کیونکہ صوبے میں امن و امان قائم کرنا ضروری ہے۔ اپنے لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

صحت کارڈ دوبارہ کھول رہے ہیں

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یکم رمضان سے صحت کارڈ کو دوبارہ کھول رہے ہیں، اور جو جو اقدامات گزشتہ حکومت نے کیے تھے اور ان کو ختم کر دیا گیا تھا ان کو دوبارہ سے شروع کریں گے۔ غریبوں کے لیے جو پناہ گاہیں بنائی تھیں وہ بند ہیں دوبارہ کھول دی جائیں گی۔ صوبے کا سب سے اہم جزو سیاحت ہے اس کے فروغ کے لیے سر توڑ کوششیں کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اپنا ایمان مضبوط کریں خوف کے بت توڑ دیں ورنہ حقیقی آزادی نہیں ملےگی، آج میں جو یہاں کھڑا ہوں ایمان کیساتھ کھڑا ہوں، آپ لوگ یہاں پرایمان کیساتھ بیٹھے ہیں۔ اللہ ہم سے خوش تب ہوں گے جب ہم اس کی مخلوق کی مدد کریں گے۔

اوورسیز پاکستانی ہمارا بڑا اثاثہ ہیں

نو منتخب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کمیشن بنائے گی، ہم عوام کے مینڈیٹ سے آئے ہیں عوام کے لیے قانون سازی کریں گے۔ اس ایوان کو مذاق نہیں بنانے دیں گے۔ کسی لیڈر، کسی کی ذات پر تنقید کے لیے ایوان کو استعمال نہ کریں، اس ایوان میں صرف عوام کے لیے قانون سازی ہوگی۔ ہم حکومت میں ہوتے ہوئے آپ کو اجازت دیتے ہیں آپ جلسہ، جلوس کرنا چاہتے ہیں کریں۔ عوام کے لیے قانون سازی نہیں کریں گے تو میدان بھی حاضر ہے گھوڑا بھی حاضر ہے، اور جولوگ کسی وجہ سے ایوان میں نہیں آسکے ہم انکوائری کا مطالبہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp