علی امین گنڈا پور کا کرپشن کے خلاف اعلان جنگ، ’قیامت کی ایک اور نشانی ‘

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

علی امین گنڈا پور 90 ووٹ حاصل کر کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ڈاکٹر عباداللہ خان نے 16 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس پر رد عمل کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے لکھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے 9مئی کے حوالے سے درج کی گئی تمام جعلی ایف آئی آرز کو ختم کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے علی امین گنڈا پور کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ ہوتا ہے شیرجوان جس کی آمد سے کانپیں ٹانک رہی تھیں‘۔

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے علی امین گنڈا پور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بیٹے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلی خیبر پختونخوا بننے پر دلی طور پر مبارکباد پیش کرتی ہوں اور میں امید کرتی ہوں کہ نو منتخب وزیراعلی علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا میں عمران خان کے نظریے و پاکستان تحریک انصاف کے منشور کو لے کر آگے بڑھیں گے۔

اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو میں سلام پیش کرتی ہوں جس جرآت، ہمت اور بہادری سے انہوں نے اس فسطائیت، ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 8 فروری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی سیاست دفن کردی۔

سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت پاکستان میں واحد حکومت ہے جو مینڈیٹ چوری کرنے کے بغیر بن رہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اظہر مشوانی لکھتے ہیں کہ جیسا لیڈر ویسے اس کا وزیراعلیٰ، ان کا کہنا تھا کہ 2015 بلدیاتی اور اور 2018 جنرل الیکشن کے بعد عمران خان نے الیکشن آڈٹ کی کھلی آفر دی تھی، کہ جو مرضی حلقہ کھولیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور آج علی امین گنڈا پور نے بھی ساری سیٹیں آڈٹ کےلیے پیش کر دیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ قیامت کی نشانی ہے کہ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ نہ کرپشن کریں گے نہ کرنے دیں گے، انہوں نے طنزاً کہا کہ آپ اچھا مذاق کر رہے ہیں۔

احسن جدون نے علی امین گنڈا پور کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے غضب ناک تقریرکی ہے کیا خیبر پختونخوا کو عمران خان پلس مل گیا؟

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر ہیں۔ علی امین گنڈا پور 2013 میں پہلی بار پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ڈی آئی خان سے کامیاب ہو کر صوبائی کابینہ میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے بطور صوبائی وزیر مال عہدہ سنبھالا۔ پھر 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑے اورڈی آئی خان سے جیت گئے۔ علی امین گنڈا پور کو امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر کا قلمدان بھی دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp