گوادر کے علاقے نگور آکڑہ میں 7 افراد پر مشتمل ایک خاندان بارش کے پانی کی وجہ سے پھنس گیا تھا۔ پاک فوج کے جوانون نے مسلسل بارش میں 3 گھنٹے کی کوششوں کے بعد خاندان کو کامیابی سے نکال لیا گیا ہے، بچائے گئے افراد میں 2 بوڑھے اور 1 بچہ بھی شامل ہیں۔ علاقے سے 35 مویشیوں کو بھی محفوظ جگہ پر منتقل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
پاک بحریہ اور پاک فوج کی جانب سے حالیہ تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں گوادر کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ کی جیوانی، گوادر، اور سربندر میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے زیر اہتمام لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں 1200 سے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کی گئیں۔ متاثرین کو کھانے کی اشیاء، پینے کا پانی اور راشن بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں اور گلیوں سے سیلابی پانی نکالنے کا کام بھی جاری ہے، پاک بحریہ کی کشتیاں، غوطہ خور اور موبائل میڈیکل ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاک بحریہ کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر سڑکوں کی جلد بحالی کے لیے کوشاں ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔