ٹیکنالوجی کی دُنیا میں وہ ایجادات جنہوں نے دُنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا؟

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کی دُنیا جوں جوں آگے بڑھتی جا رہی ہے، نئی نئی ایجادات بھی سامنے آ رہی ہیں جو دُنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتی ہیں، روبوٹک کتوں سے لے کر اسمارٹ فونز ، کلائی پر باندھا جانے والے اسمارٹ فونز، سمارٹ رِنگ، ٹرانسپیرنٹ اسکرین تک کی تیاری میں ٹیکنالوجی کی کمپنیاں اپنا سب کچھ داؤ پر لگائے جا رہی ہیں۔

امسال اسپین کے شہر بارسلونا میں دُنیا کی سب سے بڑی نمائش ’ موبائل ورلڈ کانگریس‘ کا انعقاد ہوا، جہاں ٹیکنالوجیز کی کمپنیوں نے  اپنی جدت طرازی سے لیس ایسی ڈیوائسز متعارف کروا ئیں جن کی خصوصیات جان کر دُنیا ورطہ حیرت میں رہ جاتی ہے۔

نمائش میں ایک جانب مصنوعی ذہانت کا غلبہ رہا تو دوسری جانب مختلف قسم کی ڈیوائسز اور موبائل اسکرینوں حیران کیے رکھا۔

ٹیکنالوجی کی اس عالمی نمائش میں ایک جانب سام سنگ نے گلیکسی رنگ متعارف کرائے تو دوسری جانب مٹرولہ نے کلائی پر باندھا جانے ولا اسمارٹ فونز کا نیا ڈیزائن پیش کیا۔ اسی طرح لینووو لیپ ٹاپ نے ٹرانسپیرنٹ اسکرین متعارف کروائی تو دوسری جانب اے آئی ہیومن پن کی نقاب کشائی کی گئی۔

موٹرولا کا کلائی کے ساتھ باندھا جانے والا اسمارٹ فون

موبائل ورلڈ کانگریس میں موٹرولا ٹیک کمپنی نے ایک ایسا اسمارٹ فون متعارف کرائی جو انسان ریڑھ کی ہڈی کی طرح جھکنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، آپ اسے کلائی کے گرد با آسانی گھڑی کی طرح باندھ سکتے ہیں اور استعمال کر سکتے ہیں۔

اس اسمارٹ فون کا تصور چین کے ٹیک کمپنی لینووو سے لیا گیا ہے ۔ اس کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ آپ جب اسے اپنی کلائی میں پہنیں گے تو اس کی اسکرین خود بخود آپ کے پہنے ہوئے کپڑوں کے مشابہہ ہو جائے گی۔

لینووو کا سی۔تھرو (ٹرانسپیرنٹ ) لیپ ٹاپ

لیپ ٹاپ بنانے والی چینی کمپنی لینووو نے موبائل ورلڈ کانگریس میں ایک ایسا لیپ ٹاپ متعارف کرایا، جس کا ڈسپلے یعنی اسکرین مکمل طور پر ٹرانسپیرنٹ ہے۔ یعنی جب یہ لیپ ٹاپ بند ہوتا ہے تو آپ اس کی اسکرین کی دوسری جانب پڑی ہوئی کسی بھی شے کو بآسانی دیکھ سکتے ہیں، بظاہر یہ مکمل شفاف شیشے کے طور پر نظر آتا ہے۔

لیکن جب آپ لیپ ٹاپ آن کرتے ہیں تو یہ آپ کے لیپ ٹاپ میں موجود ایپس اور دیگر مواد کو اسکرین پر ڈسپلے کر دیتا ہے۔

فولڈ ایبلز اسمارٹ فون

موبائل ورلڈ کانگریس میں ایک ایسا فولڈ ایبلز فون بھی متعارف کرایا گیا جس کی اسکرین کو آپ اپنی مرضی سے چھوٹا اور بڑا کر سکتے ہیں۔

چینی فرم ٹرانسن کے تحت کام کرنے والے برانڈ ٹیکنو نے فینٹم الٹی میٹ نامی فون کی نمائش کی جس کی اسکرین اپنی مرضی سے افقی اطراف کشادہ ہو جاتی ہے۔ موبائل کے اوپری حصے میں لگا بٹن دبانے کے بعد اسکرین افقی طور پر پھیل جاتی ہے۔

ہیومین اے آئی پن کی نمائش

موبائل ورلڈ کانگریس  میں ہیومین نامی ٹیک کمپنی نے  ایک ایسی اے آئی پن متعارف کرائی جسے آپ اپنے کپڑوں کے ساتھ چپکا سکتے ہیں۔آپ اس سے سوالات پوچھ سکتے ہیں اور یہ آپ کو جواب دے گی، اس میں ایک کیمرہ بھی بنایا گیا ہے تاکہ یہ تصاویر لے سکے۔

اس میں سب سے اچھا فیچر لیزر پروجیکٹر ہے جو آپ کے ہاتھ پر ایک مینو بناتا ہے۔ اس کے بعد آپ نیویگیٹ کرنے کے لیے ہاتھ کے اشاروں کا استعمال کرسکتے ہیں۔

اوپو کے آگمنٹڈ رئیلٹی گلاسز

موبائل ورلڈ کانگریس میں اوپو موبائل ٹیک کمپنی نے آگمنٹڈ رئیلٹی گلاسز کا ایک سیٹ متعارف کرایا جسے کمپنی نے ایئر گلاس 3 کا نام دیا ہے۔ یہ عینک ایک اے آئی اسسٹنٹ سے لیس ہے جس سے آپ بات بھی کرسکتے ہیں۔ اور یہ آپ کو راستہ بھی بتا سکتی ہیں۔

شیاؤمی فون جو مکمل کیمرے میں بدل جاتا ہے

شیاؤمی نے اپنے اسمارٹ فونز کی کیمرے کی صلاحیتوں کے بارے میں معلومات سامنے لانے میں سالوں لگائے ہیں۔ اس سال کمپنی نے اسے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے فلیگ شپ شیاؤمی 14 اسمارٹ فون کے ساتھ ایک پروفیشنل فوٹوگرافی کٹ بھی فروخت کر رہی ہے۔

یہ ایک ایسی کٹ ہے جو اسمارٹ فون سے منسلک ہوتی ہے اور اسے ڈی ایس ایل آر کیمرے کی طرح کسی بھی چیز میں بدل دیتی ہے۔

سام سنگ گلیکسی رنگ

سام سنگ گلیکسی نے موبائل ورلڈ کانگریس میں ایک ایسی رنگز متعارف کرائیں، یہ جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی کی اسمارٹ انگوٹھیاں بنانے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ان انگوٹھیوں میں ایسے سینسرز  لگے ہیں جو آپ کے دل کی دھڑکنوں اور آپ کی نیند کے پہلوؤں جیسی چیزوں کو ٹریک کرسکتے ہیں۔

روبوٹک کتا متعارف

موبائل ورلڈ کانگریس  میں چینی کمپنی ٹیکنو نے روبوٹک کتا متعارف کرایا، کمپنی کے مطابق ٹیکنو ڈائنامک 1 نامی اس کا ڈیزائن جرمن شیفرڈ کے مطابق بنایا گیا ہے۔ایک ڈیمو میں، کتے نے ایک تھاپ پر رقص کیا، چاروں طرف چھلانگ لگائی اور ایک شخص سے ہاتھ بھی ملایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp