میثاق مفاہمت ناگزیر، الیکشن میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، بلاول بھٹو

ہفتہ 2 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ بلوچستان کے مسائل کوئی ایک جماعت یا شخصیت حل نہیں کر سکتی۔ اس وقت میثاق مفاہمت پورے ملک کی ضرورت ہے۔

بلوچستان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم مفاہمت کی سوچ کے ساتھ بلوچستان میں حکومت چلائیں گے۔ سرفراز بگٹی بطور وزیراعلیٰ اپنا پہلا دورہ گوادر کا کریں گے، جہاں بہت نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کے عوام کو مزید قربانیاں نہ دینا پڑیں، ہم نے ماضی میں بھی دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ لاپتا افراد کے معاملے پر ایوان کی کمیٹی بنائیں گے اور چاہیں گے کہ دوسری جماعتیں بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ اور بلوچستان کے مسائل سنبھال رہی ہے، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کا آغاز آصف زرداری نے کیا تھا۔ ہم کوئٹہ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کا حق ہے کہ وہ کسی کو بھی صدارتی امیدوار بنائے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج بلوچستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp