بچپن میں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا، عدیل ہاشمی

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عدیل ہاشمی پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مایہ ناز آرٹسٹ ہیں۔ انہوں نے بہت کم مگر اپنی مرضی کے ڈراموں میں کام کیا لیکن شائقین کو ان کا منفرد انداز ہمیشہ ہی بھایا۔

عدیل ہاشمی کا تعلق شعرا، لکھاریوں اور فنکاروں کے گھرانے سے ہے۔ وہ معروف شاعر فیض احمد فیض کے نواسے ہیں۔ ان کے والد شعیب ہاشمی مرحوم مصنف و اداکار تھے جبکہ ان کی والدہ منیزہ ہاشمی بھی مصنفہ ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے مسرت مصباح کے شو میں بطور مہمان شرکت کی اور انکشاف کیا کہ جب وہ ساتویں جماعت میں تھے تو اس وقت بڑے لڑکوں کے ایک گروپ نے انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا تھا۔ عدیل ہاشمی نے بتایا کہ اس وقت وہ کمزور اور عمر میں چھوٹے تھے اس لیے انہوں نے اس واقعہ کا کسی سے ذکر نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ انہوں نے اپنے بڑے بھائی کو اس واقعہ کا بتایا اور ان سے پوچھا کہ اس کے بارے میں والد کو بتانا چاہیے یا نہیں لیکن ان کے بڑے بھائی نے انہیں یہ بات والد کو بتانے سے منع کر دیا۔

عدیل نے بتایا کہ وہ اپنے والدین سے تعلیم اور آرٹ پر گفتگو کرلیتے تھے مگر اپنے دل کی بات کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یہ بات کبھی اپنے والد یا والدہ کو نہیں بتائی اور آج اس پروگرام کے ذریعے انہیں اس بات کا علم ہوگا۔

 

عدیل ہاشمی نے کہا کہ ہر دور کی اپنی اچھی اور بری باتیں ہوتی ہیں، پرانے دور میں بچوں کو رٹا لگوایا جاتا تھا اور اب جدید دور میں تعلیم دینے کا انداز بدل گیا ہے، اب بچوں کو زیادہ کانسیپٹ لرننگ کرائی جاتی ہے۔

عدیل ہاشمی نے کہا کہ بچوں کو ہمیشہ سے ایک مسئلے کا سامنا رہا ہے کہ انہیں بولنا نہیں سکھایا جاتا، ان سے ان کی زبان ہی چھین لی جاتی ہے، ان کے پاس الفاظ نہیں ہوتے جن کی مدد سے وہ اپنے جذبات کا اظہار کرسکیں، بچے اس وجہ سے بھی اظہار نہیں کرتے کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کی بات کا ممکنہ طور پر کیا رد عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ والدین کو بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ بچے ان کے ساتھ اپنے دل کی ہر بات کر سکیں اور اپنا ہر مسئلہ ان سے بیان کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بچوں سے کہا ہے کہ اگر کبھی کوئی انہیں تنگ کرے تو وہ ان سے کھل کر بات کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp