برطانوی پولیس نے 28 سال قبل چوری ہونے والی ایک تیز رفتار ’فیراری‘ کار برآمد کی ہے۔
مزید پڑھیں
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق، برطانیہ کی پولیس نے پیر کے روز ایک فیراری کار برآمد کی ہے جو 1995 میں آسٹرین فارمولہ ون ڈرائیور جیرہارڈ برجر سے اٹلی میں چرا لی گئی تھی۔
سرخ رنگ کی فیراری F512M ان 2 اسپورٹس کاروں میں سے ایک تھی جنہیں اپریل 1995 میں اس وقت چوری کیا گیا جب ان کے ڈرائیورز سان مارینو گرینڈ پریکس کے لیے اٹلی کے شہر امولا میں موجود تھے۔
پولیس 28 برسوں میں ان دونوں کاروں کو تلاش کرنے میں ناکام رہی۔ تاہم جنوری میں لندن کی میٹروپولیٹن پولیس فورس کو مینوفیکچرر کی جانب سے اطلاع ملی کہ ایک چوری شدہ فیراری کار برطانوی بروکر کے ذریعہ امریکی خریدار کو فروخت کی جا رہی ہے۔
اس اطلاع پر برطانوی پولیس نے مکمل چھان بین کی جس کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ کار 2023 کے آخر میں جاپان سے برطانیہ لائی گئی تھی۔ افسران نے اس وقت اس کار کو ضبط کر لیا تھا۔ اس کار کی مالیت کا اندازہ 4 لاکھ 44 ہزار ڈالر لگایا گیا تھا۔
برطانوی پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چوری شدہ کار سے متعلق تحقیقات محنت طلب تھیں، جن میں دنیا بھر کے حکام سے رابطہ کرنا بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا اس مقصد کے لیے نیشنل کرائم ایجنسی، فیراری اور بین الاقوامی کار ڈیلرشپ سمیت شراکت داروں کے ساتھ رابطے کیے گئے تاکہ گاڑی کی مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں اور اس کی بیرون ملک برآمدگی کو روکا جاسکے۔
برطانوی پولیس نے چوری شدہ گاڑی تو برآمد کرلی ہے لیکن اس کیس میں ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ دوسری چوری شدہ فیراری کار ابھی تک لاپتہ ہے۔
خیال رہے کہ فیراری نے 1994 اور 1996 کے درمیان اس ماڈلز کی کاریں تیار کی تھیں۔ اس کار کی حد رفتار 315 کلومیٹر فی گھنٹہ (196 میل فی گھنٹہ) ہے۔