سندھ میں ڈاکوؤں کے حملے: اجناس کی ترسیل شدید متاثر، رمضان میں بحران کا خدشہ

منگل 5 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے کچے کے علاقوں میں آمدورفت  بند ہونے سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی بند ہوجانے سے مہنگائی کے بحران کا خدشہ ہے۔

جوائنٹ سیکریٹری گڈز کیریئر ایسوسی ایشن رانا طارق شعیب کے بیان کے مطابق کچے (دریا کا پیٹ) کے علاقوں میں مقیم ڈاکوؤں کی وارداتیں اطراف کے شہروں و قصبوں میں جاری ہیں۔

رانا طارق نے بتایا کہ نوشہرو فیروز بائی پاس پر ڈاکوؤں کی ٹرک پر فائرنگ سے ٹرک ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیورز بڑی تعداد میں جمع ہوگئے تھے پولیس بھی پہنچی تاہم کچے کے ڈاکوؤں کے آئے دن کے حملوں سے ڈرائیورز خوف زدہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودوہ صورتحال کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کا آپریشن 70 فیصد کم ہوکر رہ گیا ہے اور ملک کے دیگر شہروں سے گاڑیاں (براستہ سندھ کے دیگر اضلاع) کراچی آنے کو تیار نہیں ہیں جس سے کرائے میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

رانا طارق شعیب نے کہا کہ سندھ میں گڈز کیریئرز کے لیے سروس بحال رکھنا مشکل ہوگیا ہے اور اگر گاڑیوں اور ڈرائیورز کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو رمضان المبارک میں  اجناس کی فراہمی متاثر ہوجائے گی اور خصوصاً سبزیوں اور دالوں کی قلت ہو سکتی ہے۔

رمضان میں ہڑتال کی دھمکی

ان کا کہنا تھا کہ پورٹس  پر موجود دالیں اور دیگر اجناس بھی دیگر شہروں میں پہنچانے  میں مشکلات کا سامنا ہے اور سیکیورٹی صورتحال یہی رہی تو ملک بھر میں مہنگائی کا بحران پیدا ہوجائے گا۔

گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے کہا کہ پورٹس پر سامان برقت نہیں پہنچ رہا جبکہ  فیکٹریز میں خام مال بھی تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گڈر ٹرانسپورٹر کئیریر ایسوسی ایشن کے  ڈرائیورز تاحال بازیاب بھی نہیں ہوئے ہیں۔
رانا طارق شعیب نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر  گڈز کیریئرز کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو رمضان میں  ہڑتال بھی کی جاسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp