توشہ خانہ ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی گئی ہے، فواد چودھری

منگل 14 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم علی بلال کے خون کو بھولنے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او پنجاب، ایڈٰیشنل سیکریٹری پنجاب کے ہاتھ اس وقت معصوم شخص کے خون سے رنگین ہیں، انہیں کٹہرے میں آنا پڑے گا۔

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ توشہ خانہ ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی گئی ہے اور1988ء سے لیکر 2002ء تک کا جو توشہ خانہ کا ریکارڈ ہے اس کو بھی ابھی سے ٹیمپر کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ کسی طرح سے نہیں بھی لگ رہا کہ پنجاب میں نگران حکومت ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ڈی ایم کی ایکسٹینشن ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، آئی جی پنجاب، سی سی پی او پنجاب، ایڈٰیشنل سیکریٹری پنجاب کے ہاتھ ایک معصوم شخص کے خون سے رنگین ہیں ، ان چاروں کو کٹہرے میں آنا پڑے گا اور علی بلال کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان قاتلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کل عمران خان کی ریلی نے عوام کا موڈ بتا دیا ہے، اسی لیے ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ پاکستان میں اس وقت دو ہی ادارے ہیں جن کے اوپر پاکستانی عوام کی نظریں ہیں، ایک سپریم کورٹ آف پاکستان اور دوسرا الیکشن کمیشن آف پاکستان۔ یہاں انسانی حقوق کی جو پامالی ہو رہی ہے، ایک ہی ادارہ ہے جو اس سے بچا سکتا ہے اور وہ ہے سپریم کورٹ۔ سپریم کورٹ کے ججز اس وقت دوراہے پر کھڑے ہیں، وہ دنیا کے بڑے ججز میں شمار ہوں گے یا پھر سپریم کورٹ کا ادارہ اپنی وقعت کھو دے گا۔

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عدالتوں کا جو فیصلہ حکومت کے حق میں ہوتا ہے اس پر وہ عمل کرتے ہیں اور جو فیصلہ پسند نہیں آتا تو ججز کے خلاف ہو جاتے ہیں۔ جو ججز بینچ میں بیٹھے ہیں ان کے خلاف ایک پوری مہم چلائی جاتی ہے اور عدالت کو بیک فٹ پر لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جس طریقے سے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف منظم مہم مریم نواز نے چلائی، وہ شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام تر دباؤ کے باوجود وقت پر الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہو گیا اور ہم نے الیکشن کمیشن کے اس کردار کو سراہا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ جس وقت مریم نواز عدلیہ کے خلاف مہم عروج پر لے جا رہی تھیں، اسی وقت پاکستان کے اندر ایک بہت بڑا دھماکہ توشہ خانہ کے ریکارڈ کی صورت ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ پندرہ مہینے ن لیگ نے اربوں روپیہ لگا کر توشہ خانہ کے اوپر ایک مہم بنائی یہ سوچے سمجھے بغیر کہ توشہ خانہ سے سب سے زیادہ فائدہ خود شریف فیملی اور زرداری نے اٹھایا۔

راہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں کہ ان کے سنہرے قدم سے آج توشہ خانہ کے حمام میں پی ڈی ایم والے سب سے زیادہ ننگے کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ابھی ہمیں 1988ء سے لیکر 2002ء تک کے توشہ خانہ ریکارڈ کا انتظار ہے۔

فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ توشہ خانہ ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی گئی ہے اور1988ء سے لیکر 2002ء کا جو توشہ خانہ کا ریکارڈ ہے اس کو بھی ابھی سے ٹیمپر کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو کچھ بھی سامنے آئے گا وہ ان کے پول کھولنے کے لیے کافی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مریم نواز، نواز شریف و دیگر عمران خان سے تحریری معافی مانگیں۔ مریم نواز کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات نہیں کرے گی تم ہم آ کے کروائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایک ٹویٹ پر مجھے ایف آئی نے نوٹس بھیج دیا، مریم نواز کے منشی کے ٹویٹ پر مجھے ایف آئی اے نے نوٹس بھیجا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp