ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں بدھ کو حیدر ٹینک (پائلٹ پروجیکٹ) کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مزید پڑھیں
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر، چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے اہم حکام، حکومت پاکستان اور پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے مختلف فوجی اور سویلین حکام بھی شریک تھے۔
تقریب کے دوران ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے اپنے نئے ٹینک حیدر کی نقاب کشائی کی جسے چین اور پاکستان کی مختلف صنعتوں کے اشتراک سے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
حیدر ٹینک وارفیئر کے میدان میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور متاثر کن صلاحیت کا حامل ہے جس میں قابل ذکر فائر پاور، تحفظ اور تدبیر کی خصوصیات ہیں۔ جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ساتھ تیار کردہ حیدر ٹینک پاکستانی دفاعی صنعت کی دفاعی اختراع میں بہترین کارکردگی اور انتھک جستجو کا مظہر ہے۔
جنرل عاصم منیر کو حیدر ٹینک کی تکنیکی صلاحیتوں اور اس بڑی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ہیوی انڈسٹریل کمپلیکس کے اندر دیگر مینوفیکچرنگ سہولیات کا بھی دورہ کیا اور ایک اور تکنیکی سنگ میل عبور کرنے پر افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔
قبل ازیں آمد پر چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال کیا۔