پنجاب و بلوچستان اسمبلیوں میں ذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینے کی قرارداد منظور

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری شہید اور قومی ہیرو قرار دیے جانے سے متعلق قراردادیں منظور کرلی گئیں۔

بلوچستان اسمبلی

بلوچستان اسمبلی میں ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت پر سپریم کورٹ کی رائے کو سراہتے ہوئے انہیں جمہوری ہیرو ڈکلیئر کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی صدارت میں منعقد اجلاس میں سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت پر سپریم کورٹ کی رائے کو سراہتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کو جمہوری ہیرو قرار دینے کی قرارداد منظور کی گئی جو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، نواب ثناءاللہ زہری، میر صادق عمرانی و دیگر اراکین اسمبلی نے پیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے فیصلے پر قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت عدالتی قتل تھا جنہیں جسمانی طور ختم تو کیا گیا لیکن وہ عملاً عوام میں زندہ ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے رجوع کرے تاکہ سرکاری طور پر ذوالفقار علی بھٹو کوشہید قرار دیا جائے۔

مذکورہ قرارداد کے حق میں بولتے ہوئے اراکین اسمبلی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے مقبول ترین وزیر اعظم تھے جو 73 کے آئین کے خالق بھی ہیں لہٰذا انہیں بابائے آئین بھی کہا جاتا ہے جس کی بدولت ملک کی چاروں اکائیوں کو اکٹھا کیا گیا اور اس کی بدولت ملک میں پائیدار پارلیمانی جمہوریت قائم ہوئی لیکن اس کے باوجود ملک دشمن عناصر نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمے بنائے اور پاکستان کے ایک عظیم اور سچے رہنما کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔ ایوان نے قرارداد کو بحث کے بعد مشترکہ طور پر منظور کر لیا۔

مزید برآں ایوان میں الیکشن مہم کے دوران قلعہ سیف اللہ بم دھماکے میں شہید اور زخمیوں ہو نے والوں کے لیے معاوضہ دینے کی قرارداد جمعیت علما اسلام کی جانب سے پیش کی گئی جو منظور کر لی گئی۔

4 مزید اراکین نے حلف اٹھا لیا

دریں اثنا جمعے کو اسمبلی کے  4 نو منتخب اراکین محمد صادق سنجرانی، محمد خان لہڑی، ظفر اللہ زہری اور نور محمد دمڑ نے حلف اٹھا لیا۔

بی این پی عوامی کے میر اسداللہ بلوچ کا احتجاج

بی این پی عوامی کے سربراہ میراسد اللہ بلوچ نے پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کے دوران کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی بے حسی اور گوادر کے مسائل حل نہ ہونے پر وہ احتجاجاً سینیٹ اور صدارتی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد منظور

سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری شہید اور قومی ہیرو قرار دینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے بھی کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔

یہ قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے ایوان میں پیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp