یورپی ملک چیک ریپبلک (جمہوریہ چیک) کی دوشیزہ کرسٹینا پیزکووا نے مس ورلڈ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بھارت کے شہر ممبئی میں ہونے والے مس ورلڈ کے مقابلے کی رنر اپ لبنان سے تعلق رکھنے والی یاسمینہ زیتون رہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس ورلڈ 2024 کا انعقاد بھارتی شہر ممبئی میں ہوا جہاں بڑی تعداد میں دنیا بھر سے ذہین اور خوبصورت خواتین نے حصہ لیا۔ مقابلے میں حصہ لینے والے 111 شرکا میں سے یورپی ملکی چیک ریپبلک سے تعلق رکھنے والی کرسٹینا پیزکووا کو مس ورلڈ 2024 کا تاج پہنایا گیا۔
مزید پڑھیں
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی مس ورلڈ کارولین بیلاوسکا نے تاج مس ورلڈ 2024 کو منتقل کیا۔ 71 ویں مس ورلڈ مقابلہ حسن کی میزبانی بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر اور مس ورلڈ 2013 فلپائن سے تعلق رکھنے والی میگن ینگ نے کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹینا پیزکووا نے ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھی ہوئی ہے، وہ قانون اور بزنس کی تعلیم مکمل کر رہی ہیں۔
کرسٹینا پیزکووا چیک ریپبلک کی دوسری حسینہ ہیں جنہوں نے مِس ورلڈ کا تاج پہنا ہے، اس سے قبل سال 2006 میں بھی چیک ریپبلک کی حسینہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔
انڈیا کے مالیاتی اور انٹرٹینمنٹ دارالحکومت ممبئی میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں لبنان سے تعلق رکھنے والی یاسمینہ زیتون 112 امیداروں میں فرسٹ رنر اپ رہیں۔
واضح رہے مس ورلڈ کے مقابلے میں شریک دوشیزاؤں کی فٹنس، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور پبلک اسپیکنگ کی صلاحیت کو پرکھا جاتا ہے، اس کے علاوہ دوشیزاؤں سے دنیا کی سیاسی صورت حال سے متعلق بھی سوالات کیے جاتے ہیں۔