آئین توڑنے کے مرتکب افراد کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دی جائے گی، علی امین گنڈاپور

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، فارم 45 کے مطابق نتائج تیار کرکے ہمیں ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف آج ملک بھر میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے، پشاور میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی جلسہ کیا گیا۔

علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی کمیشن بناکر شفاف تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ سائفر کے معاملے پر بھی جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے، ہمارے خلاف سازشیں کی گئیں، سائفر خفیہ دستاویز نہیں ڈی کلاسیفائیڈ ہو چکا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ آصف زرداری نے توشہ خان سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں اور افسوس کہ آج صدر بن گیا۔ عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات غیرقانونی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مخصوص نشستیں کسی اور کو دینا غیرآئینی و غیرقانونی، آئین توڑنے کے مرتکب افراد کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم انصاف نہ ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ضروری ہے کہ عمران خان کا شفاف ٹرائل ہو۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہمارے کارکنان اور خواتین جیلوں میں ہیں، ایک دن سارے سازشی بے نقاب ہو جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp