بھارت اور 4 یورپی ملکوں کے درمیان 100 ارب ڈالر کا آزاد تجارتی معاہدہ طے پا گیا

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے 4 یورپی ملکوں کے ساتھ 100 ارب ڈالر کے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

بھارتی وزیر تجارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور 4 رکنی یورپی تجارتی بلاک ’ای ایف ٹی اے‘ نے سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے 100 ارب ڈالر کے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ چاروں ممالک یورپی یونین کے ارکان نہیں ہیں۔ ان ملکوں میں ناروے، سوئٹزر لینڈ، آئس لینڈ اور لکٹنسٹائن شامل ہیں۔

بھارت اور یورپی تجارتی بلاک کے درمیان 16 سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد یہ معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت یہ ممالک 15 سال کے عرصے میں بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔ بدلے میں بھارت چاروں ممالک سے درآمد صنعتی پیداوار پر ٹیرف ختم کرے گا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے ہمارے عزم کی نشاندہی کرتا ہے، آنے والا وقت مزید خوشحالی اور باہمی ترقی لائے گا کیونکہ ہم نے ای ایف ٹی اے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ سرمایہ کاری فارماسیوٹیکل، مشینری اور مینوفیکچرنگ کی صنعت میں کی جائے گی۔ ای ایف ٹی اے نے  بھی کہا ہے کہ یہ معاہدہ مارکیٹ تک رسائی اور کسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنائے گا جس سے بھارت اور ای ایف ٹی اے ممالک کے لیے متعلقہ مارکیٹس میں اپنے آپریشنز کو توسیع دینا آسان ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 سال میں بھارت نے آسٹریلیا کے ساتھ بھی اربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے، برطانیہ کے وزیر تجارت کیمی بیڈینوک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ممکن ہے کہ برطانیہ بھارتی انتخابات سے قبل آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دے۔ تاہم انہوں نے اسے ایک ’چیلنج‘ بھی قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp