بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال آئی سی سی کا بڑا ایوارڈ لے اڑے

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فروری کے لیے ٹیسٹ کرکٹر آف دی منتھ کا اعلان کردیا ہے۔ بھارتی اوپننگ بیٹر یشسوی جیسوال آئی سی سی کرکٹر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کو یہ ایوارڈ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر دیا گیا ہے۔

یشسوی جیسوال بھارت کی جانب سے یہ ایوارڈ جیتنے والے 7 ویں کرکٹرہیں۔ ان سے قبل رشبھ پنت، روی ایشون، بھونویشور کمار، شریاز ائیر، ویرات کوہلی یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ بھارتی بیٹر شبمن گل نے یہ اعزاز 2 مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے چند روز قبل انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز1-4 کے مارجن سے جیتی تھی۔ بھارت کی اس کامیابی میں سب سے بڑا کردار اوپنر یشسوی جیسوال نے ادا کیا۔ انہوں نے 2 ڈبل سنچریاں بھی بنائیں۔ انہوں نے 5ویں ٹیسٹ میں 29 رنز بنا کر ایک نیا سنگ میل حاصل کیا جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یشسوی جیسوال نے 9 میچوں میں 1000 رنز مکمل کیے۔ اس کے علاوہ وہ موجودہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2025 سائیکل میں 1000 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp