نیتن یاہو کا اقتدار اور اسرائیلی حکومت کی بقا خطرے میں ہے، امریکی انٹیلیجنس رپورٹ

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حال ہی میں امریکی سینیٹ میں جمع کرائی گئی ایک انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو کی بطور اسرائیلی وزیراعظم اپنے عہدے پر قائم رہنے کی صلاحیت خطرے میں ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران اتحاد کی بقا بھی خطرے میں ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، غزہ جنگ کے نتیجے میں قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق رپورٹ میں امریکی انٹیلیجنس اداروں نے اندازہ پیش کیا ہے کہ نیتن یاہواور ان کے دائیں بازو کے شراکت داروں کی حکومت پر اسرائیلی عوام کا اعتماد کم ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں موجودہ واقعات اور پیش رفت کا مطالعہ کرنے کے بعد کہا گیا ہے نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف ممکنہ طور پر مظاہرے کیے جائیں گے جس کے بعد ایک اعتدال پسند حکومت کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔

غزہ جنگ مستقبل قریب میں ختم نہیں ہوگی

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ حماس کے خلاف جاری اسرائیل کی جنگ مستقبل قریب میں ختم نہیں ہوگی۔

اخبار نے بتایا کہ رپورٹ میں جنگ کے تناظر میں بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے مستقبل کے بارے میں اندازے لگائے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ یہ جنگ کئی سال تک جاری رہے گی اور اس کا خاتمہ مستقبل قریب میں نظر نہیں آتا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے لیے حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے اور اسرائیلی فوج اس مقصد کو حاصل کرنے کے قریب نہیں پہنچ سکی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حماس آنے والے برسوں تک اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی اور آنے والے عرصے میں امریکی توجہ اسرائیلی میدان سے روسی یوکرینی جنگ کے میدان میں منتقل ہو جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp