بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 8 ہلاکتیں ہوئیں، پی ڈی ایم اے

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 8 ہلاکتیں جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 258 مکانات مکمل طور پر تباہ اور ایک ہزار سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بارشوں کے دوران نقصانات سےمتعلق رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونیوالے شہری، جن میں 4 بچوں سمیت 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، کا تعلق خاران، کیچ، بارکھان اور پشین سے ہے، موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 258 مکانات مکمل تباہ جبکہ ایک ہزار 40 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اسی طرح 4 سڑکیں مکمل تباہ اور ایک پل سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا ہے۔

گوادر سمیت صوبے کے دیگر متاثرہ اضلاع میں پاک فوج، نیوی، پی ڈی ایم اے اور ضلع انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں خوراک،خیمے، ڈی واٹرپمپس، واٹرکولرز، گیس سلنڈرز سمیت دیگر امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئندہ  24گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارشوں اورپہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، چمن، زیارت، پشین، قلات، چاغی، سوراب، سبی، نصیرآباد، مستونگ، نوشکی اور لورالائی میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق ہرنائی، شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل، کوہلو، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp