پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے ہرا دیا

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دیدی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کا آخری لیگ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، جبکہ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 15.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ملتان سلطانز کی بیٹنگ

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ جانسن چارلس 53 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔

ملتان کی جانب سے افتخار احمد 20 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، اس کے علاوہ یاسر خان 12 اور عثمان خان نے 21 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد وسیم اور ابرار احمد ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار رہی، اور جیسن روئے 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ گل عمیر یوسف نے 37 اور خواجہ نافع نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کے بولر ڈیوڈ ویلی اور اسامہ میر نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ  عباس عباس آفریدی 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، اس کے علاوہ پشاور زلمی دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp